عوامی مینڈیٹ کا کھلے دل سے احترام کیاجائے: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ضمنی انتخابات 2013 میں مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی اوراے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی کامیابی پر انہیں زبردست مبارکبادپیش کی ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ہے کہ فوج کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کو دل سے تسلیم کرکے ایک دوسرے کوحاصل عوامی مینڈیٹ کا کھلے دل سے احترام کیاجائے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ ووزیراعظم پاکستان نوازشریف، مسلم لیگ کے تمام رہنماوں، پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین و صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی کے تمام رہنماوں، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیا رولی، اے این پی کے تمام رہنماوں اور دیگر جماعتوں کے سربراہان اور رہنماوں کو ان کی جماعت کے امیدواروں کی کامیابی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان انتہائی نازک دورسے گزر رہا ہے اور ملک وقوم کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں۔

ان حالات میں ملک وقوم کسی بھی قسم کی محاذآرائی کے متحمل نہیں ہوسکتے لہذا وہ نہ صرف انتخابی نتائج کھلے دل سے تسلیم کریں اور ایک دوسرے کو حاصل عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں بلکہ ملک کی سلامتی وبقا کیلئے بھرپور اتحاد کا بھی مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے دہشت گردوں کی جانب سے کورنگی میں مسلح افواج کے جوانوں اور شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعہ پر ضمنی انتخابات میں حق پرست امیدواروں کی کامیابی کا جشن فتح موخر کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے اعلامیئے کے مطابق ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں جمعرات کی شب ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر جشن فتح کے سلسلے میں تقریب منعقد کی جانی تھی۔

اس سلسلے میں کراچی بھر سے ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی بڑی تعدادایم کیوایم کے مرکز نائن زیر وعزیز آباد میں جمع ہو رہی تھی اور جمع ہونے والے کارکنان و عوام سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کاٹیلی فون خطاب بھی متوقع تھا تاہم کورنگی میں دہشت گردوں کی جانب سے مسلح افواج کے ٹرک پر بم دھماکے اور اس کے نتیجے میں فوجی جوانوں اور شہریوں کے شہید وزخمی ہونے کے المناک واقعہ پر جشن فتح اور الطاف حسین کا خطاب موخر کر دیا گیا ہے۔