عوام نے نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیدیا: الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

حیدر آباد (جیوڈیسک) متحدہ قومی مووومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حیدر آباد میں ایم کیو ایم کے زونل کمیٹی کے ارکان اور دیگر ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے متعصب جاگیرداروں اوروڈیروں نے اردو بولنے والے مہاجروں کو کبھی سندھی تسلیم نہیں کیا۔

اور اس نے اس تعصب اور نفرت کی بنیاد 1973ء میں رکھی۔ پیپلز پارٹی اپنے آپ کو قومی جماعت کہلانے کے دعوے کرتی ہے لیکن تاریخ شاہد ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں پاکستان کارڈ نہیں بلکہ ہمیشہ سندھ کارڈ استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف کراچی بلکہ حیدر آباد، سکھر، میرپور خاص، نوابشاہ، سانگھڑ، ٹنڈو آدم، ٹنڈوالہ یار، خیر پور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور کشمور سمیت سندھ بھر کے تمام سندھیوں اور اردو بولنے والوں نے ایم کیو ایم کی اپیل پر پیپلز پارٹی کے ظلم کی حکمرانی اور نفرت و تعصب کے خلاف بھرپور یوم سیاہ منا کر فیصلہ سنا دیا ہے۔

کہ اب سندھ اور پورے ملک میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سندھی اور اردو بولنے والوں کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ وہ مل کر صوبہ سندھ سے ظلم کا فرسودہ، جاگیردارانہ، وڈیرانہ نظام اور کرپٹ کلچر کا خاتمہ کریں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ بھرپور اور پرامن یوم سیاہ منانے پر میں کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو خراج تحسین کرتا ہوں۔