کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے حکم پر بلدیاتی انتخابات تو کرادیئے گئے ہیں مگر منتخب نمائندوں کی بے اختیاری سے عوامی و بلدیاتی مسائل بحرانی و گھمبیر کیفیت اختیار کرچکے ہیں جبکہ آئین و قوانین کی طاقتور طبقات کے ہاتھوں پامالی بھی عوام کیلئے ظلم ‘ استحصال اور حقوق سے محرومی کا باعث اسلئے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی کی سطح پر عوام کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔
جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے چیف پیٹرن نوابزادہ غلام محمد خان اور الیکشن کمشنر امیر پٹی نے یہ بات جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کے وفودمسترکہ ملاقات میں کہی۔ چیف پیٹرن و الیکشن کمشنر نے جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی برادریوں سے متحد و یکجا ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانی عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن قائم کی گئی ہے مگر اس کی افادیت سے فیضیاب ہونے کیلئے تمام جماعتوں کا اتحاد و یگانگت اور فیڈریشن کے منصفانہ انتخابات کے ذریعے دیانتدار قیادت لازم ہے جس کیلئے ہم شب و روز مصروف ہیں اور تمام جماعتوں و عوام کے تمام طبقات سے رابطوں کو مزید مؤثر و بہتر کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔