پھالیہ : عوام کی چیخ و پکار کے باوجود تحصیل پھالیہ اور بالخصوص پھالیہ شہر میں لوڈ شیڈنگ نکتہ عروج پر، تمام کاروبار زندگی مفلوج۔روزہ دار شدید ذہنی کوفت کا شکار۔پھالیہ کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت پر عدم اعتماد کر دیا۔آئندہ انتخابات میں ووٹ نہ دینے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پھالیہ اور بالخصوص پھالیہ شہرمیں غیر اعلانیہ اور بد ترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔
رمضان المبارک میں بھی گیپکو حکام نے ضلع منڈی بہاوالدین کو لوڈشیڈنگ کے حوالہ سے سر فہرست کر دیا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء اور مشیر توانائی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری شاہد ریاض گوندل کا تعلق بھی ضلع منڈی بہاوالدین سے ہے اور ماضی میں انہوں نے لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے ۔مگراس وقت وہ بھی پردہ سکرین سے غائب ہو چکے ہیں اور ضلع منڈی بہاوالدین کے لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں پھنسا دیا گیا ہے۔
سحری اور افطار کے وقت بجلی بند ہونا اب یہ سوالیہ نشان بن چکا ہے کہ پاکستان میں حکومت اسلامی ہے یا کسی اور مذہب کی ؟پھالیہ کے عوام چیخ و پکار کر کر کے تھک چکے ہیں مگر حکومتی ایوانوں میں اسکا کوئی اثر نہ ہوا۔اب مجبور ہو کر پھالیہ کے عوام نے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اس بات کا عزم کیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کو مسترد کر دیں گے اور ایسے عوامی نمائندہ کا ساتھ دیں گے جو سب سے پہلے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کر سکیں گے۔