عوامی رکشہ یونین کی ریلی، زمین پر لیٹ کر سینہ کوبی

Rickshaw Union Rally

Rickshaw Union Rally

لاہور (جیوڈیسک) عوامی رکشہ یونین نے مغل پورہ چوک سے شالامار چوک تک ضلعی انتظامیہ، پرچی مافیا، ایل ٹی سی اور ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جو شالا مار چوک میں پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کی قیادت عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری کر رہے تھے۔ کارکن گھنٹوں زمین پر لیٹ کر سینہ کوبی کرتے اور ضلعی انتظامیہ، حکومت، ایل ٹی سی، ٹریفک پولیس کو کوستے رہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجید غوری نے کہا کہ ہم نے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب نے رکشہ ڈرائیوروں کی پرچی معاف کی ہوئی ہے۔

ڈی سی او نے بھی پرچی نہ لینے کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن اس حکم پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔ ہسپتالوں، بس اڈوں، سو سائٹیوں، تفریحی مقامات، ریلوے سٹیشن پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی غنڈا گرد عناصر نے بھی پرچیاں چھپوا رکھی ہیں اور اپنے کارندے مختلف مقامات پر کھڑے کئے ہوئے ہیں جو زبر دستی پرچی لیتے ہیں نہ لینے والوں سے گیارہ گنا لینے کیساتھ تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ڈی سی او آفس کے باہر پوری طاقت سے دھرنا دیا جائیگا اور رکشے نذر آتش کئے جائیں گے۔