عوام کے حقوق مراعات یافتہ طبقے نے ڈاکا ڈال کر چھین لیے ہیں,غنوی بھٹو

Ghinwa Bhutto

Ghinwa Bhutto

لاڑکانہ (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی جانب سے یوسی آٹھ میں منعقد کیے جانے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹونے کہا ہے کہ پاکستان میں جس طرح کا نظام قائم کیا گیا ہے وہ صرف امیروں کو تحفظ فراہم کرتا اور غریبوں کے ساتھ ظلم کرتا ہے۔

اس ملک میں غریب عوام کے لئے کوئی انصاف نہیں ہے ،ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات محنت عوام کر رہے ہیں لیکن ان کے حقوق مراعات یافتہ طبقے نے ڈاکا ڈال کر چھین لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بات کرنے والے خود جمہوریت کا گلا گھونٹ کر عوام کو قتل کر رہے ہیں، جب تک حقیقی جمہوریت بحال نہیں کی جائے گی تب تک نہ یہ ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی یہاں پر غریب عوام کو بنیادی حقوق مل سکتے ہیں۔

اس ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کے لئے ہماری پارٹی کوشش کررہی ہے، ہم ضرور کامیاب ہونگے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام سچائی کو سمجھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہیدوں کے شہر لاڑکانہ کو زرداری لیگ نے کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے، جگہ جگہ پر گندگی اور کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں۔

اسپتالوں میں مریضوں کے لیے ادویات بھی نہیں ہیں جس کے باعث غریب لوگ تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں، اس ملک میں امیر امیرتر اور غریب غریب تر ہوتے جا رہے ہیں، لاڑکانہ کے نام پر زرداری لیگ اور حکومت سندھ نوابشاہ کو پیرس بنارہے ہیں اور لاڑکانہ جس کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے پیرس بنانے کا خواب دیکھا تھا وہ اس وقت تک پورا نہیں ہوگا جب تک زرداری لیگ اقتدار پر قابض ہے، لاڑکانہ زرداری لیگ کا نہیں بلکہ شہید بھٹو کا گڑھ ہے اور ہم لاڑکانہ کے عوام کو انکے حقوق ضرور دلوائیں گے۔