لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو ہر جگہ صرف دھاندلی ہی نظر آتی ہے حتیٰ کہ عوام کی خدمت کرنا بھی ان عمران خان کی نظر میں دھاندلی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز نارووال سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 136 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو 15 ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی، عمران خان کو ہر جگہ دھاندلی ہی نظر آتی ہے یہاں تک کہ ان کی نظر میں عوام کی خدمت بھی دھاندلی ہے، نارووال کے انتخابی تنائج سے عمران خان کو عوام کے رویے کا اندازہ ہو جانا چاہیئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس شور شرابے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے، تحریک انصاف فیصل آباد میں تماشہ لگانے جا رہی ہے جو صرف پیسے اور وقت کا ضیاع ہے، عوام اب تحریک انصاف کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف یہودی لابی کے ساتھ مل کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر رہی ہے لیکن ان کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 136 نارووال میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کرنل ریٹائرڈ شجاعت خان 42 ہزار 374 ووٹ لے کر کامیاب جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار وکیل خان منج 31 ہزار 314 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔