راولپنڈی (جیوڈیسک) ہم وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ راولپنڈی سے کس نے الیکشن جیتا اور اپنے انتخابی حلقے میں کتنی مرتبہ اس نے دورہ کیا، مرکز اور صوبے میں ہماری حکومت ہے اور ہم ہی اس شہر کے عوام کے دکھ درد کے شریک ہیں اس لئے ہم نے عوامی مسائل کے حل کیلئے خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی اور اسلام آباد کو دنیا کے لئے ایک مثال بنائینگے۔ موٹر وے کی طرح لوگ اس منصوبے کو بھی ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ حنیف عباسی نے کہاکہ راولپنڈی میں اربوںروپے کے ترقیاتی منصوبے لیگی قائدین کااہلیان راولپنڈی کیلئے یاد گار تحفہ ہے۔ راولپنڈی میں پاکستان کا دوسرا بڑا کارڈیالوجی سینٹر تعمیر ہو رہا ہے، راولپنڈی کارڈ یالوجی انسٹی ٹیوٹ بھی اپنی مثال آپ ہے جہاں غریب اور امیر سب کو امراض قلب کی سٹیٹ آف آرٹ سہولیات حاصل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ریکارڈ تعداد میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔