کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی کو صاف ستھرا اور بلدیاتی مسائل سے پاک بنا نے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران وملازمین کو ہدایت کی ہے کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں عوامی خدمت میں غفلت اور لاپراہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے گلیوں اور محلوں خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ اور شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود کے ہمراہ شاہ فیصل زون یونین کونسل نمبر3،4اور 6کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محکمہ باغات سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد نے محکمہ ہیلتھ سروسز کے افسران وملازمین کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری کے لئے علاقائی نگرانی کا موثر نظام قائم کرکے عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جائے۔
ایڈمنسٹریٹر کورنگی نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی میں بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنا کر علاقائی سطح پر عوام کو بنیادی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرکے بلدیاتی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے لئے بلدیہ کورنگی کے عملے سے تعاون کیا جائے ایڈمنسٹریٹر کورنگی نے عوام کو یقین دلا یاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے چپے چپے کو مسائل سے پاک بنائیں گے۔