مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے) عوام کی بے لوث خدمت میری سیاست کا مقصد ہے، میرا حلقہ ہی میرے لئے پاکستان ہے، اگر اللہ نے موقع دیا تو عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، ترقیاتی کاموں میں نہ پہلے کمپروز مائز کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کریں گے،میں نے اپنے سابقہ دور میں جتنی نوکریاں حلقہ کے عوام میں تقسیم کی ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
میں نے اپنے دور اقتدار میں کبھی نوکریوں، تبادلوں اور ٹھیکوں میں مال نہیں بنایا، میرا حال اور ماضی عوام کے سامنے ہے انشا اللہ مستقبل بھی بے داغ ہی ہو گا، اللہ نے چاہا تو آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے عوام کی خدمت کروں گا، ان خیالات کا اظہار سابقہ مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری محمد الیاس خاں نے پریس کلب مصطفی آباد للیانی(رجسٹرڈ) میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سابقہ مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری محمد الیاس خاں،کونسلر میونسپل کمیٹی مصطفی آباد شاکر گجر کے پریس کلب آمد پر صحافی برادری کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا، سابقہ مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری محمد الیاس خاںنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی مصطفی آباد اور راجہ جنگ میں ہمارے کونسلرز کی اکثریت ہے، انشا اللہ دونوں ٹائونوں میں ہمارے ہی چیئرمین اور وائس چیئرمین ہوں گے۔