کراچی : ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے نئے ایڈمنسٹریٹر ماجد رضا نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کی ذمہ داری سنبھال لی ،ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شاہ فیصل زون آفس میں بلدیہ کورنگی اور شاہ فیصل زون کے افسران کے تعرفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا نے کہا کہ عوامی تعاون سے ضلع کورنگی کو مسائل سے پاک بنا ئیں گے افسران و ملازمین عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے علاقائی ترقی اور عوام کو بلدیاتی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کا ازالہ ممکن بنائیں۔
اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر جاری ماہانہ خصوصی صفائی و انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے افسران کی جانب سے مفصل بریفنگ حاصل کرتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی ہماری اولین ذمہ داری ہے محکمہ سنیٹریشن کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کے تمام زونز میں صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ بغیر اجازت شاہراہوں پر آویزاں بینرز، وال چاکنگ کا بھی ہنگامی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ یکم محرم الحرام سے قبل بلدیہ کورنگی میں قائم امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی اور روشنی کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا نے ضلع کورنگی کے تمام زونز کو ہدایت کی کہ بلدیاتی سہولیات کی بروقت فراہمی اور عوامی شکایات کے ازالے کے لئے شکایتی مراکز کو مزید فعال بنا یا جائے۔