بھکر (جیوڈیسک) بھکر میں عوامی تحریک کے جلسہ سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اگر عوامی تحریک کو اقتدار حاصل ہوگیا تو اس ملک سے دہشتگردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کر دیں گے۔ غریبوں کو علاج کی مفت سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
خواتین کیخلاف امتیازی سلوک ختم کیا جائے گا۔ بے زمین شہریوں کو 10 ایکڑ تک زمین دیں گے۔ کاروبار کیلئے چھوٹے قرضے دیے جائیں گے۔ تنخواہوں کے فرق کو کم کیا جائے گا۔ جن کے پاس سکت نہیں ہوگی۔
ان کو بنا بنایا گھر دیں گے۔ لوگوں کو 25 سال تک گھر بنانے کیلئے قرضہ دیں گے۔ جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طاقتوروں اور مظلوموں کی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ دھرنے اور ہماری احتجاجی تحریک سے عوام میں جو شعور بیدار ہوا ہے ہم اسے اکھٹا کرنا چاہتے ہیں۔
عوام مجھے دو تہائی اکثریت دیدیں۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ اس ملک کا نظام تبدیل کر دوں گا۔ پہلا امتحان 29 نومبر کو ہوگا۔ عوام 29 نومبر کو ہونے والے الیکشن میں ہمارے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ جلسہ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 90 دن کے دھرنے اور قربانیوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے۔ عوام آج ان حکمرانوں کو للکار رہے ہیں جنہوں نے ان کے حقوق نہیں دیے۔