کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ لوگ ووٹ کی شکل میں سانپ اور بچھوؤں کو دودھ پلا کر اژدھا بناتے ہیں جو عوام ہی کو ڈستے ہیں۔ کراچی میں ناظم آباد عید گاہ میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ وہ ایسے نظام کو نہیں مانتے، جس میں غریب کا بچہ دردر کی ٹھوکریں کھائے اور امیروں کے کتے بھی عیش کریں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہویا مسلم لیگ (ن) کا دورہو، صرف چند خاندانوں کی حکومت ہوتی ہے، سیاسی جماعتوں کے کارکن مظلوم اور مخلص ہیں لیکن قائدین دھوکے باز ہیں۔
جماعت اسلامی کے امیرنے کہا کہ کراچی والو،پلٹ آؤ ،پلٹ آؤ۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مہاجروں کو جس نے گالی دی ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، خورشید شاہ نے جس طرح معذرت کی وہ بھی کوئی معذرت نہیں، تاہم مہاجروں کی شناخت مولانا ظفر حسن انصاری، حکیم محمد سعید، علامہ شاہ احمد نورانی اور پروفیسر غفور احمد جیسے لوگ تھے، اب یہاں مہاجر، پنجابی، سندھی کارڈ نہیں چلے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں 5 سال میں متحدہ اور پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا، اب بھی دونوں جماعتوں کے ایڈمنسٹریٹر شہر پر راج کر رہے ہیں۔