کراچی (جیوڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا )ایمپلائز یونین کراچی نے مطالبات کی منظوری کے لیے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، رہنماؤں نے مطالبات منظور نہ ہونے پر ملک بھر میں نادرا کے دفاتر کو تالا لگانے کا الٹی میٹم دے دیا۔ نادرا ملازمین کے احتجاج سے قبل کراچی میں ہفتے کو کھلنے والے نادرا کے مراکز میں کام بھی بند کر دیا گیا اور تمام سینٹرز کو تالے لگادیے گئے۔
پریس کلب پر مظاہرے میں شامل نادرا ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن میں مطالبات کے حق میں اور نادرا انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں نادرا کے ملازمین کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہرے سے خطاب میں نادرا ایمپلائز یونین کراچی کے صدر ملک عرفان نے کہا کہ نادرا کے ایک تا 15 گریڈ کے ملازمین کے عہدوں کے حوالے سے ان کے جو مطالبات ہیں اس کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا
ادارے میں بھرتی، پروموشن اور ٹرانسفر کے قوانین بنائے جائیں، خصوصی ملازمین کو اسپیشل الاؤنس دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نادرا ملازمین ایک ہوکر مظاہرے کررہے ہیں ،ان کے مظاہروں کے سلسلے کو بلوچستان تک لے جائیں گے جس کے بعد یونین کے رہنماؤں کا اجلاس منعقد کرکے نادرا کے دفاتر میں کام بند کرنے سمیت تالا بندی کی بھی کال دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں ملازمین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔