گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ صوبائی وزیر جیلخانہ جات چوہدری عبدالوحید نے کہا ہے کہ پنجاب میں جیلوں کی سکیورٹی تسلی بخش ہے تاہم 5 حساس جیلوں کی سکیورٹی کیلئے رینجر کو طلب کر لیا ہے .
گوجرانوالہ سینٹرل جیل کے ہنگامی دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صو بے کی جیلوں میں سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے وہ سرپرائز وزٹ کر رہے ہیں پنجاب کی5 جیلیں جن میں اڈیالہ ،ملتان ،لاہور اور ڈی جی خاں وغیرہ حساس ہیں جنکی سکیورٹی کیلئے رینجر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیلو ں میں مو با ئل فون کے استعمال کو رو کنے کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں تین روز قبل جہلم جیل سے 18 مو با ئل برآمد کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیلوں کی سکیورٹی اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کیلئے صوبے کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو سوموار کے روز طلب کر لیا ہے۔ صوبا ئی وزیر نے سینٹرل جیل کی سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا انتظامیہ نے جیل کی بیرونی دیواروں پر خار دار تاریں لگا نے کے علا وہ بڑی تعداد میں اہلکا روں کو سکیورٹی کیلئے تعینات کر دیا ہے۔