لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں 50 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کردیا گیا، تقرر نامے دینے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مستقل ہونے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا۔
کہ ملازمین کو ان کا حق مل گیا، یہ غریب پروری نہیں آپ کا حق ہے جو آپ کو لوٹایا گیا، آپ سب ایک بڑی ذمے داری ادا کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت سےتعلق رکھنےوالے ملازمین کو جدید تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی اور پولیو سمیت مختلف امراض کے خاتمے کی کوششیں کی جائیں، ڈینگی کا نام رہنے دیں مگر اس کا نشان مٹادیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔
کہ سیلاب زدگان کی مدد کاکام مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا، لیڈی ہیلتھ ورکرز سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پھیل جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرے کہ تاریخ ہمیں اچھے الفاظ میں یاد رکھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔