لاہور (جیوڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے پنجاب کا آدھا بجٹ لاہور پر خرچ ہوتا ہے، ملتان میں میٹرو منصوبے کی ضرورت ہی نہیں تھی، خالی بسیں چل رہی ہیں، حکمران ہسپتالوں، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبے نہیں لگاتے کیونکہ ان میں پیسہ نہیں بنتا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا لاہور پر خرچ کی جانیوالی رقم کے پی پر خرچ رقم سے 3 گنازیادہ ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار بھی علاج کرانے باہر چلے گئے، کلثوم نواز عرصے سے لندن میں علاج کرا رہی ہیں، پشاور میں 4 ارب روپے سے کینسر کا جدید ترین ہسپتال بنا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا شہباز شریف نے 635 ارب روپے ایک سال میں خرچ کیے، ملتان میٹرو پر 60 ارب روپے لگائے لیکن بسیں خالی چل رہی ہیں، فیصل سبحان نے چینی کمپنی کو بیان دیا کہ وہ شہبازشریف کا فرنٹ مین ہے، انہوں نے تین چار بڑے بڑے کنٹریکٹرز لے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم ایک بار پھر نیب سے کہیں گے کہ ملتان میٹرو کا معاملہ دیکھیں، لاہور میں صاف پینے کا پانی ہے نہ عالمی معیارکی کوئی یونیورسٹی، ہری پور میں عالمی معیارکی یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔