پنجاب کے اکثر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں، لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے بند

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے اکثرعلاقوں پر شدید دھند کا راج ہے۔ لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے بند کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت کا شیڈول متاثر ہوا۔ ترجمان موٹروے کے مطابق نیشنل ہائی وے پر ساہیوال سے رحیم یار خان تک حد نگاہ صفر سے20 میٹر رہ گئی۔ نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ساہیوال تک حد نگاہ 50 سے 100 میٹر ہو گئی۔

موٹروے ایم 2 پر لاہور سے راولپنڈی تک دھند کے باعث حد نگاہ 50 سے100 میٹر ہو گئی۔ موٹر وے کے ایم 3 پر پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک حد نگاہ 100 سے 150 میٹر تک رہ گئی۔

ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں اور شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران پنجاب کےمیدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔