لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسلم اقبال کی ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد کی وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے مخالفت کر دی۔ اسلم اقبال کی قرارداد کے متن کے مطابق امریکا کی جانب سے کئے جانیوالے ڈرون حملے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ہم ڈرون حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،کیوں کہ یہ حملے مبہم اطلاعات اور اندازوں کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں۔ وفاقی حکومت امریکا کو باور کرائے کہ یہ حملے کسی طور پر قبول نہیں۔ پاک امریکا تعلقات برابری کی سطح پر لائے جائیں۔
وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے مخالفت کرتے ہو ئے کہا کہ پہلے ہی وفاقی حکومت ڈرون حملوں کے خلاف آواز بلند کر چکی ہے،پارلیمنٹ کی قراردادایں بھی اس حوالے سے پہلے ہی موجود ہیں،جبکہ بانکی مون کے حالیہ دورے میں بھی پاکستانی موقف کو واضح کیا جا چکا ہے اس لئے ابھی اس قرار داد کی ضرورت نہیں ہے۔