لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی کی لفٹیں ’’ سفید ہاتھی‘‘ بن گئیں ایک روز میں تقریباً 20 ہزار روپے کی بجلی استعمال کر تی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں دو لفٹیں انگریز دور حکومت میں 1938 میں نصب کی گئی تھیں۔
برطانیہ کی بنی یہ لفٹیں چند بار مرمت کے بعد ابھی تک چل رہی ہیں ، ایک موٹر 15 ہارس پاور کی ہے جوا یک چکر میں چھ سے سات یونٹ خر چ کر تی ہے اور دوران اجلاس دو سوسے اڑھائی سو اور باقی دنوں میں تقریباً سو چکر روزانہ لگاتی ہے۔
اجلاس کے دنو ں میں فی یونٹ 16 روپے قیمت کے حساب سے ایک لفٹ تقریباً 20 ہزار روپے کا بل بنا دیتی ہے تاہم زیادہ تر ایک وقت میں ایک ہی لفٹ چلتی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ 1990 کی دہائی میں لفٹوں کی بجلی کا بل چیک کرنے کے لئے سب میٹر لگا ئے گئے تھے مگر بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر محکمہ واپڈا نے اصل میٹر اور سب میٹر کے علیحدہ علیحدہ بل بھیجنے شروع کر دئیے اور کئی سال تک ان لفٹوں کے بل ڈبل آتے رہے اور ان دگنے بلوں کا آج تک کسی نے کلیم نہیں کیا۔