لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں مسلح افواج کی حمایت میں حکومتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور گروہی مفادات کیلئے قومی اداروں کو متنازع بنانا قابل مذمت ہے،اپوزیشن نے ایوان سے دو بار واک آوٴٹ کیا۔
پنجاب اسمبلی میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کی قرارداد وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان افواج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، پاک افواج نے حالتِ امن اور جنگ میں قابل فخر خدمات انجام دی ہیں، سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی فوج کا کردار جرات مندانہ ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان گروہی اور سیاسی مفادات کیلئے قومی اداروں کومتنازع بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، مسلم لیگ ق کے مونس الٰہی نے اجلاس کے آغازمیں پاک فوج کے حق میں قرار داد پیش کرنا چاہی تاہم اسپیکر نے اجازت نہ دی جس پر اپوزیشن ارکان نے دو بارواک آوٴٹ کیا۔
ایوان میں خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان 2014 بل پیش کیا گیا، قائم مقام اسپیکر نے اجلاس منگل کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔