اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد پیش کرنے سے روک دیا۔ جس پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آٹ کیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے تاخیر سے اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا، تو اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے۔
لہذا ایوان کی کاروائی معطل کرکے قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایوان میں قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جائے تاہم اسپیکر نے اپوزیشن کو قرارداد پیش کرنے سے روک دیا۔ جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ قرارداد کی محرک پیپلز پارٹی کی رکن فائزہ ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ وزیر قانون ایوان میں موجودہ نہیں۔ اس لیے قرارداد پیش نہیں ہو سکتی۔ قرارداد پیش کر نے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن نے اجلاس کی کاروائی کا علامتی بائیکاٹ کیا اور اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں گندم کی پیداوار بڑھانے اور چھوٹے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے پر عام بحث ہو ئی بعد میں اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔