زیارت (نمائندہ) جمعیت علماء اسلام مولانا عبدالمجید یونٹ کان کے امیر حافظ محمد ابراہیم ، جنرل سیکرٹری عبدالرحمان ،سید بشیر محمد ، مولوی محمد دین ،مولانا صلاح الدین ، حافظ عصمت اللہ ،احمد جان تارن ،علی شاہ،سید عبدالواحد ،ظہور الحق اور نقیب اللہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں پنجاب اسمبلی میں تحفظ حقوق نسواں کے نام سے بل پاس کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اراکین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک اسلامی ملک میں مسلمان اراکین اسمبلی ایک غیر شرعی بل منظور کریں یونٹ امیر حافظ محمد ابراہیم اور یونٹ کے مجلس شوریٰ کے ممبر مولانا عز ت اللہ نے کہا کہ آئین پاکستان سے متصادم بل کا پاس ہونا اسلام اور پاکستان کی نہیں بلکہ ملک کو سیکولر بنانے والوں کی خدمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہر مذہب سے ذیادہ خواتین کو بہتر زندگی گزارنے کے حقوق دیئے ہیں اور یہ بل صرف مغربی آقاوں کو خوش کرنے کے لئے منظور کیا گیا ہے۔