پنجاب اسمبلی، پی ٹی آئی اراکین کا استعفوں کے باوجود تنخواہ وصولی کا ریکارڈ

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی بغیر کام کے تنخواہ وصول کرنے کا ریکارڈ بناتے چلے جا ر ہے ہیں، پنجاب اسمبلی سے استعفوں کے باوجود تحریک انصاف کے ارکان اب تک اسی لاکھ روپے سے زائد تنخواہ وصول کر چکے ہیں۔

دنیا بھر میں تنخواہیں تو کام کے عوض ملتی ہیں مگر تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی وہ خوش قسمت افراد ہیں جو بغیر کام کاج کے تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی طرف سے استعفوں کے باوجود تنخواہیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک انصاف کے ارکان اب تک 5 ماہ کی تنخواہ وصول کر چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے 30 ارکان نے 27 اگست کو پنجاب اسمبلی سے استعفے دئیے تھے۔ تحریک انصاف کے ارکان اب تک 80 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ اور مراعات وصول کر چکے ہیں۔

پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ جب تک استعفے منظور نہیں ہوتے تحریک انصاف کے ارکان تنخواہوں اور مراعات کے اہل ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ارکان کا موقف ہے کہ ہم تو استعفے دے چکے ہیں، حکومت چاہے تنخواہ نہ دے۔