لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں دہشتگردی میں جان قربان کرنے والی شخصیات کو سرکاری طور پر شہید پکارنے کی قرارداد منظور جبکہ میڈیکل کالجز کیلئے انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کی قرارداد بھی ایجنڈے میں رکھ لی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں دہشت گردی کے واقعات میں جان قربان کرنے والی شخصیات کو سرکاری طور پر شہید کے لقب سے پکارنے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن میاں اسلم اقبال نے پیش کی ، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں جان قربان کرنے والی شخصیات کو سرکاری طور پر شہید کے لقب سے پکارا جائے۔
شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو ان کی سماجی و مالی حیثیت کے مطابق مراعات دی جائیں ، قرارداد میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرنے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے اداروں اور افراد کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ، پنجاب اسمبلی کے ایوان نے قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ختم کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی کے ایجنڈے پر رکھ لی گئی ۔ قرارداد پنجاب اسمبلی کی رکن نبیلہ حاکم علی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قراررداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبہ بھر کے میڈیکل کالجز اور جامعات میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ختم کر کے طلبا کو میرٹ پر داخلے دیئے جائیں ، قرارداد آج پرائیویٹ ممبر ڈے کے ایجنڈے پر رکھ لی گئی ہے۔