پنجاب بار کونسل نے قصور بار ایسوسی ایشن کی طرف سے بھیجے گئے ریفرنس پر وکیل کا لائسنس معطل کر دیا
Posted on August 8, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : پنجاب بار کونسل نے ایڈووکیٹ سید قاسم علی ہمدانی کی وکالت کا لائسنس معطل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور نے ضلعی عدلیہ کے ججوں اور ساتھی وکلاء کے ساتھ نامناسب رویہ کی بنا پر مذکورہ وکیل کے خلاف کارروائی عمل میںلانے کے لئے پنجاب بار کونسل کو ریفرنس بھیجا تھا۔
ایڈووکیٹ قاسم نے پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی سامنے پیش ہو کر اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی۔ جبکہ دوسری طرف قصور بار نے مذکورہ وکیل کے بار اور ضلعی عدلیہ کے ساتھ غیر مہذب سلوک روا رکھنے کے بارے دستاویزی ثبوت فراہم کئے تھے۔ جس پر پنجاب بار کونسل نے کاروائی کرتے ہوئے اسکی وکالت کا لائسنس معطل کر دیا۔
اس بارے اطلاعات متعلقہ اداروں کو بھی بھیج دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ قاسم ہمدانی نے مختلف مواقع پر سینئر سول جج، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سیشن جج قصور کی عدالتوں میں ہنگامہ آرائی کی اور جج صاحبان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آیا۔
ڈسٹرکٹ بار قصور نے اسکی بار کی رکنیت ختم کر کے اسکا داخلہ بار کی حدود میں ممنوع قرار دے رکھا تھا۔ علاوہ ازیں قصور بار کی ایگزیکٹو کمیٹی اور بار کے تمام گروپوں نے اسکے خلاف پیشہ وارانہ مس کنڈکٹ کی بنیاد پر متفقہ طور پر قرار داد منظور کی تھی۔