لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپریل 2015 میں چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورہ کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر جس تیزرفتاری سے عملدرآمد ہوا ہے ، اس پر واشنگٹن سے ٹوکیو اور دہلی سے ماسکوتک پوری دنیا حیران ہے۔
وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پراربوں ڈالر کے 60سے زائد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔چین، فرانس، ترکی،جرمنی،جاپان،جنوبی کوریا،برطانیہ اور دیگر مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلے بین الاقوامی سیمینار کی طرح لاہور میں منعقد ہونے والا دوسرا بین الاقوامی بزنس سیمینار بھی ہر لحاظ سے کامیاب رہاہے ۔پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے مخالفین ملک کی تیزرفتار ترقی پر حیران اورپریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انشا اﷲ وہ دن ضرور آئے گا جب کشکول ٹوٹے گا اورہاتھ پھیلانے کا کلچر دفن ہوگا۔میری ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ آپ پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کریں اوریہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائیں، اپنا منافع کمائیں اور عوام کو خدمات فراہم کریں،آپ کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا ۔
انہوں نے سرمایہ کاروں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں اور آپ کی بھی وہی سکیورٹی ہوگی جو میری اپنی سکیورٹی ہے ۔آئیے !آپ پنجاب میں سرمایہ کاری کریں ۔چین ،ترکی اوردیگر ملکوں کے سرمایہ کاروں کووی وی آئی پی کا درجہ دیا جاتا ہے اورانہیں پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔میرے سرمایہ کار میرے ماسٹر ز ہیں اورہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ایک خاندان کی مانند ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور اعلیٰ حکام نے مقامی ہوٹل میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں 3 گھنٹے سے زائد جاری رہیں ۔چین، فرانس، ترکی،جرمنی،جاپان،جنوبی کوریا،برطانیہ اور دیگر مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعلٰی نے نمائش کا دورہ کیا اور ہر ایک سٹال پر گئے اور مختلف سٹالز پر رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلٰی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے کامیاب بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے -سیمینار میں 26 ممالک کے 400 سے زائد مندوبین نے شرکت کی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا یہاں آنا وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔