لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں سحری اور افطاری کے دوران لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شدید گرمی میں شہریون کا جینا محال ہو گیا، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد میں گرمی سے ستائے شہریوں نے بھرپور احتجاج کیا، واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ٹائر جلا کر ڈیرہ ملتان روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کردی۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے روزہ داروں نے واپڈا حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر ڈیرہ ملتان روڈ پر ٹریفک بلاک کردی۔
مظاہرین کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ بندش اور ٹرپنگ کے مسئلے پرجلد قابو نہ پایا گیا تو اگلے مرحلے میں وسیع پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ فیصل آباد میں رمضان المبارک کے مہینے میں بھی سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور تمام تر حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔
فیسکو کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق شہر میں بجلی کی ڈیمانڈ دو ہزار میگا واٹ ہے جبکہ سپلائی بارہ سو میگاواٹ اور آٹھ سو میگاواٹ شاٹ فال کا سامنا ہے۔ ملتان میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے پر شہریوں نے میپکو آفس کے سامنے ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایل ایم کیو روڈ 2 گھنٹے کے لیے بند کر دیا۔ میپکو آفس کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں۔
مظاہرین نے میپکو اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے روڈ پر زبردستی گاڑی کراس کرنے پر راہگیر پر تشدد کیا مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 روز سے شاہ رکن عالم کالونی کا ٹرانسفارمر خراب ہے جس کے بارے میں متعدد بار میپکو حکام کو اگاہ بھی کیا گیا لیکن اس کے باوجود میپکو انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی۔