لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان لڑائی جھگڑے کے بعد پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس میں اسپیکر پرویز الٰہی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ماحول پرامن رکھنے کیلئے متحرک ہوگئے۔
پنجاب اسمبلی ذرائع کے مطابق اسپیکر پرویز الٰہی نے کل حمزہ شہباز کی تقریر کے دوران ایوان کا ماحول پرامن رکھنے کیلئے حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کے ارکان سے رابطے کیے ہیں۔
تحریک انصاف اور اتحادی ارکان کا اسپیکر کو کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس پر اپوزیشن کے احتجاج کا جواب دینا چاہتے ہیں جس پر اسپیکر نے اتحادیوں کو جواب دیا کہ بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایک حد تک احتجاج کیا ، جو ان کا حق تھا۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے عوام اور پورے ملک کی نظریں اس وقت پنجاب اسمبلی کے اجلاس پر لگی ہیں، اسمبلی کی نئی عمارت میں تاریخ ساز بجٹ اجلاس میں ماحول خوشگوار رہنا چاہیئے، ہمیں آنے والے پارلیمنٹیرینز کیلئے اچھی روایات قائم کرنی چاہیئں۔
دوسری طرف اسپیکر پرویز الٰہی نے اپوزیشن ارکان کو بھی تند و تیز جملے کسنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے
ذرائع کے مطابق اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی سرکاری اور اپوزیشن ارکان کو پرسکون رہنے پر مائل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔