جنوبی پنجاب (جیوڈیسک) جنوبی پنجاب کی اکتیس فی صد آبادی کے لئے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے بتیس فیصد وسائل مختص کر دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب کو ترانوے ارب روپے ملیں گے۔ غربت کے خاتمے، پنجاب معاشی مواقع کے پروگرام کو بھی جاری رکھا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے پنجاب کے مالی سال 2013/14 کے بجٹ میں حکومت نے ترانوے ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر دی ہے۔
وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن نے بجٹ تقریر میں اعتراف کیا کہ جنوبی پنجاب کے لئے گزشتہ پانچ سال میں مسلم لیگ نواز کی حکومت نے جو کارنامے سر انجام دیئے انکا ثمر انتخابات میں صاف نظر آیا اور جنوبی پنجاب سے سیاسی طور پر انکی جماعت کو بھرپور کامیابی ملی۔ بجٹ میں اعلان کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کی اکتیس فیصد آبادی کے لئے کل ترقیاتی بجٹ کا بتیس فی صد خرچ کیا جائے گا۔
حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے مالی سال 2008/9 میں شروع کیے گئے پروگرام کو بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ غربت کے خاتمے، معاشی مواقعوں کی فراہمی کے پروگرام کو بھی جاری رکھنے کی تجویز بجٹ کا حصہ ہے۔ جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں میں ہر قسم کی سہولیات کی کمی کو ایک سال میں پوراکرنے کر لئے دو ارب پچاس کروڑ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ جنوبی پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھی حکومت پنجاب نے متعدد منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔