لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں 2 ہزار نئی بھرتیوں کی منظوری دےدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا،اجلاس کے دوران صوبائی سیکرٹری داخلہ نے وزیر اعلی پنجاب کو امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کےخلاف تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے۔ پولیس کے لئے جدید تربیت کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
وزیراعلی پنجاب نے اجلاس میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے لئے 2 ہزار نئی بھرتیوں کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو ہدایت کی کہ وہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میں بھرتی اہلکاروں کی تربیت کے معیار کی خود مانیٹرنگ کریں۔