لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں ماحولیاتی نمونہ پازیٹو آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور صوبے کے داخلی اور خارجی مقامات پر انسداد پولیو مہم کیلئے موثر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رکھی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انسداد پولیو ویکسین کی سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ائیر پورٹس، ریلوے سٹیشنز اور بس اڈوں پر خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خانہ بدوش بستیوں میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائے۔