پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور تیز بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع
Posted on July 6, 2019 By Majid Khan لاہور, مقامی خبریں
Rain
لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
لاہور، فیصل آباد، چکوال، خانیوال، جھنگ، بھکر، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔
فیصل آباد اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔
آندھی اور تیز بارش کے باعث شورکوٹ میں درخت گر گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسیات کے مطابق ہلکی ہلکی مون سون ہوائیں ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہوگئی ہیں جس سے موسم سہانا ہوگیا ہے۔
ادھر بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے سے مون سون ہواؤں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی ہلکی بارش کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com