اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ادھر خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں فضا میں خنکی نے سردی کی نوید سنا د ی ہے۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم بعض علاقوں میں بارش کے بعد ٹھنڈک میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پنجاب، خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں میں بادل جم کر برسے تو نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ پاراچنار شہر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں پر تیز بارش اور کوہ سفید پر ژالہ باری تین چار دن سے جاری ہے جس سے کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچا ہیاور علاقے میں سردی بڑھتی جارہی ہے۔
دوسری طرف بلوچستان کے کچھ علاقوں میں گرمی کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کیمطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہیگا۔ مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند ایک مقامات پر تیز ہواوں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔