لاہور (جیوڈیسک) کئی روز کی گرمی کے بعد گوجرانوالہ میں گھنگھور گھٹائیں چھائیں اور چھم چھم مینہ برسا۔
گرمی اور حبس کا زور ٹوٹا تو روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔مری، سیالکوٹ، ظفر وال، مریدکے، کرک، مظفر آباد، راولا کوٹ میں بھی بادل کھل کر برسے۔
ڈسکہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ لاہور میں دن بھر شدید حبس نے ستایا۔ سہ پہر کو اچانک بادل آئے اور کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ تیز ہواؤں سے بادشاہی مسجد میں شامیانے اکھڑ گئے۔
کراچی میں گرمی کا راج رہا اور پارہ بھی 39 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے پیر کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔