اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے دوران 5 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
پنجاب کے ضلع چکوال میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی جس سے چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے جب کہ بورے والا میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ظفروال، شکرگڑھ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، کامونکی اور سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور گرد و نواح میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم میں بجلی کی فراہمی سمیت انٹرنیٹ اور موبائل سروسز دوسرے روز بھی معطل ہے۔
پلندری شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔
دریائے گلگت میں بھی پانی کی سطح بلند ہے جب کہ بابوسر ناران سڑک پر سیاحتی اور تجارتی سرگرمیاں معمول پر آگئی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ اور نوشہرہ میں سیلابی ریلا گزرنے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل افراد گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔