اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران زیادہ کیسز سامنے آنے پر 6 شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا۔
صوبائی سیکرٹری صحت محمد عثمان کے مطابق پنجاب کے لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور ، بھکر اورملتان میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس کا نفاذ 28 نومبر تک جاری رہے گا۔
سیکرٹری صحت کے مطابق لاک ڈاؤن زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں لگایا گیا ہے جہاں شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس، نجی اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے جب کہ ان علاقوں میں لوگوں کی نقل و حمل محدود اور ہر قسم کے اجتماع پر بھی پابندی ہو گی۔
لاہور کے جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے ان میں ویلنشیا ٹاؤن بلاک ایف ون ،پیراگون سٹی، جوہرٹاؤن، سپرنٹنڈنٹ ہاؤس، پنجاب یونیورسٹی، ڈی ایچ اے فیزتھری اور فور اور گلبرگ کے بعض علاقے شامل ہیں۔
سرگودھا کے محلہ قاسم پارک اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے کئی علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
ملتان میں جلیل آباد، ریلوے روڈ،گلگشت کالونی، خان ویلج ہاؤسنگ سوسائٹی اور گارڈن ٹاؤن میں اسمارٹ لاک ڈاون کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں سیکٹر C ،فیز 1ڈی ایچ اے، گلشن آباد، اسٹریٹ 10حالی روڈ، بلاک B4 علامہ اقبال اسٹریٹ، مسلم ٹاؤن اور فیز 3 بحریہ ٹاؤن میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
بھکر میں گلشن مدینہ اور محلہ خورشیدشاہ کو بند کیا گیا ہے جب کہ بہاولپورمیں پوسٹ گریجویٹ کالج بغداد روڈ، ہاشمی گارڈن، ٹاؤن A ماڈل ٹاؤن، سیٹلائٹ ٹاؤن اور دیگرعلاقے شامل ہیں ۔