پنجاب کے سی این جی اسٹیشنزکئی ماہ کی بندش کے بعد پھر سے آباد

CNG, Stations

CNG, Stations

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے سی این جی اسٹیشنزکئی ماہ کی بندش کے بعد پھر سے آباد ہو گئے۔ روزگار کی بحالی پر سی این جی اسٹیشن مالکان اور ملازمین خوش نظر آئے تو سستا فیول ملنے پر صارفین بھی قدرے مطمئن تھے۔ تاہم گاڑیوں کی طویل قطاروں اور پریشر میں کمی نے ان کا مزا کرکرا کر دیا۔

حکومت اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے سے سی این جی اسٹیشنزکی رونقیں بحال ہو گئیں۔ پنجاب میں 2 ہزار 300 اسٹیشز کھلنے پر صارفین خوش دکھائی دیئے۔ سی این جی اسٹیشنز مالکان اور ملازمین نے بھی 3سال بعد روزانہ کی بنیاد پر گیس ملنے کو اچھا عوامی فیصلہ قرار دیا۔ کہتے ہیں، روز گار بھی چلے گا، صنعت بھی تباہی سے بچ جائے گی۔

پہلے روزگاڑیوں کی طویل قطاریں لیکن چند ہی گھنٹے بعد پریشر میں کمی کی شکایت۔ کئی مقامات پر لوگوں کوانتظار کی کوفت اٹھانا پڑی۔ سی این جی مالکان کا شکوہ ہے کہ حکومت نے گیس کی فراہمی کا اعلان تو کر دیا لیکن پریشر پورا نہ ملنے سے صارفین کو مسلسل گیس فراہمی ممکن نظر نہیں آتی، اس مسئلے کا مستقل حل نکالاجائے۔