پنجاب: کورونا کے باعث کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری

Lockdown

Lockdown

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا کی نئی لہر کے بعد پنجاب میں نافذ پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا اور 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جب کہ ہفتہ اور اتوار کو کام کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، صوبے کے تمام سرکاری ونجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کام کی پالیسی پر کاربند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے تمام انڈور،آؤٹ ڈور میرج ہالز 15 مارچ سے بند ہوں گے جب کہ کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز بھی 15مارچ سے مکمل طور پر بھی بند کردیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد کے ریسٹورینٹس اور کیفے میں انڈور ڈائننگ بند ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،ملتان، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں سماجی ومذہبی تقریبات کے لیے 50 افرادکی اجازت ہوگی جب کہ 7 بڑے شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افراد کے جمع ہونے پرپابندی عائد کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ تمام مزارات، درگاہیں اور سنیما ہالز بھی مکمل طور پر بند ہوں گے جب کہ تمام تفریحی مقامات اورپارکس شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے تاہم میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں اور کولیکشن پوائنٹس پورے ہفتے 24گھنٹے کھلے رہیں گے، جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی، تندور، پنکچر شاپس، ورک شاپس، اسپیئرپارٹس، فلنگ پلانٹس، زرعی مشینری و آلات کی دکانیں اور پیٹرول پمپ بھی پورے ہفتے 24گھنٹے کھلیں گے۔