لاہور (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف پنجاب و تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ کے پی کے اور پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق گورنر پنجاب کا بیان پلڈاٹ سروے سے زیادہ معتبر ہے، پنجاب میں ڈینگی ختم ہوا نہ کسان سیلابوں سے محفوظ ہوئے، مہنگائی کنٹرول ہوئی نہ جرائم، سکول نہ جانے والے 60 فیصد بچے پنجاب میں رہتے ہیں، نندی پور اور قائداعظم سولر پاور منصوبے کرپشن کی زندہ مثالیں ہیں۔
پلڈاٹ سروے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، ایک ایسے موقع پر جب بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری پر عوام شدید غم و غصہ میں گو نواز گو کے نعرے لگا رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کا یہ کریڈٹ ہے کہ اس نے 15 ماہ میں وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا، پولیس اور ریونیو کے محکموں کو عوام کا خادم بنایا جبکہ پنجاب میں یہ دو نوں محکمے عوام کے جان و مال سے کھیل رہے ہیں، کے پی کے میں بغیر رشوت کے ایف آئی آر درج ہوتی ہے اور شہریوں کو فرد ملتی ہے۔