پنجاب کو ڈبونے کے ذمہ دار نواز اور مودی ہیں

Chaudhry Pervaiz Elahi

Chaudhry Pervaiz Elahi

گجرات (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم نواز شریف پاکستان پنجاب کو ڈبونے کے ذمہ دار ہیں۔ منگل کو گجرات میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ فوج کے ساتھ ساتھ ان کے دور اقتدار میں قائم ہونے والا ادارہ ریسکیو 1122 سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی مسلمانوں کے خلاف ہیں اور بارشوں کے بعد پاکستان کی جانب اتنی زیادہ مقدار میں پانی چھوڑ کر انھوں نے پاکستان کے خلاف اپنی نفرت اور دشمنی کا منہ بولتا ثبوت دیا ہے۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ان کو آموں کاتحفہ بھیج رہے ہیں جب کہ انڈین وزیراعظم تحفے میں یہاں سیلابی پانی بھیج رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے دوستی کا خیال کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم کو کم از کم پہلے سے اس بارے میں اطلاع دے دینی چاہیے تھی۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ اگر کالا باغ ڈیم بنا لیا جاتا تو سیلاب کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا اور لوگوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ یہ عام آدمی اور ملک کے بھی بہتر مفاد میں ہوتا۔

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بد انتظامی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے دور میں سیلاب کو روکنے کے لیے متعدد پشتے تعمیر کرائے، جن کی ہر سال مرمت بھی کی جاتی تھی، لیکن پنجاب کی موجودہ حکومت نے اس مقصد کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے بلکہ سارے فنڈز ‘جنگلا بس سروس’ میں ضائع کر دیئے۔