Punjab Government Disabled People Financially Service Cards Programs
Punjab Government Disabled People Financially Service Cards Programs
قصور (محمد عمران سلفی سے) پنجاب حکومت کے زیر اہتمام معذور افراد کی مالی کفالت کیلئے پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کا ضلع قصور میں باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی سی او قصور محمد شاہد ، رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ، سعد وسیم شیخ ، ای ڈی او سی ڈی حامد شہزاد، اسسٹنٹ کمشنر وردہ مشہود شورش، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد مظفر اقبال ، منیجر پنجاب بینک محمد عارف ڈوگر، چیئر مین مارکیٹ کمیٹی ناصر محمود خاں ، مسلم لیگ(ن) خواتین کی صدر صفیہ سعید ، سٹی صدر ایاز خاں ،صحافیوں اور معذور افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او محمد شاہد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کی بدولت ،معذور افراد کو معاشرے کا قیمتی سرمایہ بنانے اورانکی مالی کفالت کیلئے خدمت کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔پنجاب حکومت کے اس پروگرام کے تحت معذور افراد کو ماہانہ 1200 روپے کی امداد سہ ماہی بنیادوں پر بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ ادا کی جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پہلے فیز میں 5952 مستحق افراد کوکارڈ ز جاری کئے جائینگے جبکہ باقی اسپیشل افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے جنہیں دوسرے اور تیسرے فیز میں خدمت کارڈ دیئے جائینگے۔
پہلے فیز میں تحصیل قصور میں 3112، پتوکی میں 887، چونیاں میں 1357 اور کوٹ رادھاکشن میں 596 معذور افراد کو کارڈ جاری کئے جائینگے اور ضلعی حکومت تمام سینٹروں میں ان افراد کو گھر سے لانے اور واپس گھر چھوڑنے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ مہیا کریگی ۔ کارڈ زکے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور اس میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔ ایم این اے ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سپیشل افراد کیلئے خدمت کارڈز کا اجراء ایک انتہائی قابل تحسین اقدام ہے جو نہ صرف انکی کفالت میں معاون ثابت ہوگا بلکہ معاشرے میں انکے مقام کو بہتر بنائے گا۔
یہ پروگرام معذور افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے اور زندگی کی دوڑ میں نئے عزم ولولے سے شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اسپیشل افراد کو خدمت کارڈز جاری کرنے کیلئے متعلقہ محکمے اپنا اہم کردار ادا کریں اور معذور افراد کو سہولت کارڈز کے اجراء کے کام کو ثواب کی نیت سے سرانجام دیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دہشتگردی کے خاتمے،لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ بعدازاں ڈی سی او اور رکن قومی اسمبلی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم خدمت مراکز برائے طبی معائنہ و حصول خدمت کارڈ سینٹر کا افتتاح کیا۔