لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاہور سمیت صوبےکے 26 اضلاع میں شہریوں کو مساجد میں اعتکاف کرنے کی اجازت نہیں دی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے اعتکاف کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کورونا کے کم مثبت شرح والے صرف 10 اضلاع کی مساجد میں لوگوں کو اعتکاف کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ان اضلاع میں ساہیوال، بہاولپور، جھنگ، حافظ آباد، اوکاڑہ، چنیوٹ، گجرات، اٹک، سیالکوٹ اور ڈی جی خان شامل ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ زیادہ شرح والے اضلاع کے شہری گھروں پر اعتکاف کریں۔
دوسری جانب لاہور میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام جامع مسجد داتا دربار، آسٹریلیا مسجد ریلوے اسٹیشن اور دیگر مساجد میں تو کسی کو اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم عام مساجد میں محدود تعداد میں لوگ اعتکاف کر رہے ہیں۔