پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی انٹر کے امتحانات میں بے ضابطگیاں

Karachi

Karachi

کراچی : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی جانب سے انٹر کے امتحانات میں بے ضابطگیاں طلبہ وطالبات کے ذہنی اضطراب کا باعث بن رہی ہیں۔جب کہ اس پر حکام کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ریوڑیوں کی مانند نمبر تقسیم کئے گئے ،قوم کامستقبل ناتجربہ کارکلرک مافیاکے ہاتھوں میں دے دیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلبہ حقوق مہم کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ری چیکنگ کے نام پر مزید پیسہ بٹورنے کے لئے طلبہ و طالبات کے ساتھ گھناونا کھیل کھیلا جارہا ہے۔بورڈ انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو طلباوطالبات راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔جمعیت طلبہ وطالبات کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جب تک انٹر میڈیٹ کے طلباوطالبات کے مسائل حل نہیں ہوتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتائج کی بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے۔انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کر قرارواقعی سزا دی جائے۔کاکا خیل کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات محض چند پیپرز کی مارکنگ کا نام نہیں بلکہ اس کے پیچھے طلبہ وطالبات کی سال بھر کی محنت ہوتی ہے۔ جو کہ نااہل اور ناتجربہ کار افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا تعلیم کے ساتھ بدترین ظلم اور ذہنی اذیت کا موجب ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ کا لولی پاپ دے کر طلبہ کو بہلانے کی کوشش کر رہیں جبکہ دوسری جانب حکومت کی تعلیم پر توجہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز کی کارکرگی میں واضح ہے۔تعلیمی نظام کی خرابیوں کو درست کرنے کی بجائے حکام سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ناظم اعلیٰ نے مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ”عزم ہمارا پاکستان ” مہم کے تیسرے مرحلے کو طلبہ حقوق کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں ملک کے طول و عرض میں یکساں نظام تعلیم، تعلیمی بجٹ میں اضافہ ، تعلیمی کرپشن کا خاتمہ اور طلبہ یونین کی بحالی کے لئے احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔اس سلسلے میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، مظفرآباد، حیدر آباد ، پشاور اور کوئٹہ میں بڑی احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ جبکہ تمام شہروں میں دستخطی مہم کے ذریعے طلبہ وطالبات اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں گے۔

سید امجد حسین بخاری
سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016