لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے کیلئے 4 پوٹینشل مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ، پنجاب حکومت اور ڈنمارک کی بین الاقوامی کمپنی کے درمیان ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تعاون کے حوالے سے باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے خصوصی شرکت کی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ توانائی کے ایڈیشنل سیکرٹری خالد اویس رانجھا جبکہ ڈ ینش کمپنی کے نائب صدر جیراڈ کیریو نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
معاہدے کی رو سے ڈنمارک کی کمپنی پنجاب میں ونڈ پاور کے 4 پائلٹ پراجیکٹس کو ڈویلپ کرنے میں تعاون کرے گی ۔ پائلٹ پراجیکٹس پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے پنجاب حکومت اور ڈینش کمپنی مل کر اقدامات کریں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈنمارک کے ماہرین نے پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کیلئے شمال اور جنوب میں مقامات کی تیز رفتاری سے نشاندہی کی ہے۔ ان مقامات پر ونڈ پاور کے پائلٹ پراجیکٹس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا ۔ ایک لمحہ ضائع کئے بغیر آگے بڑھیں گے۔