پنجاب : مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت، کئی پمپس بند

CNG Station

CNG Station

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگے داموں میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر کئی پیٹرول پمپس سیل کردیئے گئے،جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے اعلان کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کی چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، لاہور میں ڈی سی او کی جانب سے تشکیل کردہ نوے ٹیموں نے شہر بھر کے دو سو نواسی پٹرول پمپس میں سے ایک سو اکیاسی کی چیکنگ کی، زائد قیمت پر پٹرول فروخت کرنیوالے تین پمپس کو سیل کردیا گیا، جبکہ ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، فیصل آباد میں زائد قیمت پر پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر سات پٹرول پمپس سیل کر دیئے گئے ہیں۔

حافظ آباد میں مہنگے داموں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر نو پٹرول پمپ مالکان کو ایک لاکھ اسی ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جرمانہ کی عدم ادائیگی پر تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سرگودھا میں اوور چارجنگ پر پانچ پٹرول پمپ مالکان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔