کپاس کی پیداوار 1 کروڑ 47 لاکھ بیلز سے تجاوز

Cotton

Cotton

ملتان (جیوڈیسک) کپاس کی پیداوار یکم مارچ کو 1 کروڑ 47 لاکھ بیلز سے تجاوز کر گئی۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ تک جننگ فیکٹریوں میں 1کروڑ 47 لاکھ 5 ہزار 853 گانٹھ کپاس آئی جو گزشتہ سال سے 13لاکھ 77 ہزار 186 گانٹھ یا 10.33 فیصد زائد ہے۔

پنجاب کی فیکٹریوں میں کپاس کی آمد 12.18 فیصد کے اضافے سے 1 کروڑ 7 لاکھ 41 ہزار 666 گانٹھ رہی جبکہ سندھ میں 5.61 فیصد کے اضافے سے 39 لاکھ 64 ہزار 187 گانٹھ کپاس فیکٹریوں میں آئی، اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان میں 77 ہزار 2 گانٹھ کپاس فیکٹریوں میں آئی ہے، جننگ فیکٹریوں میں 1 کروڑ 47 لاکھ 5 ہزار 853 گانٹھ کپاس سے 1 کروڑ 46 لاکھ 42 ہزار 528 گانٹھ روئی تیار کی گئی

ٹی سی پی نے 94ہزار 900 گانٹھ، ایکسپورٹرز نے 4لاکھ 70 ہزار 837 گانٹھ اور ٹیکسٹائل سیکٹر نے 1کروڑ 32 لاکھ 94 ہزار 586 گانٹھ روئی خریدی، غیر فروخت شدہ اسٹاک میں 8لاکھ 45 ہزار 530 گانٹھ روئی اور کپاس موجود ہے، اس وقت ملک میں 156 فیکٹریاں چل رہی ہیں۔

اعداد وشمار کے مطابق کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ضلع سانگھڑ 15 لاکھ 6 ہزار 841 گانٹھ کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ رحیم یار خان 14 لاکھ 2 ہزار 301 گانٹھ، بہاول پور 13 لاکھ 24 ہزار 620 اور بہاولنگر کی فیکٹریوں میں 14 لاکھ 24 ہزار 560 گانٹھ کپاس آئی۔