پنجاب وسندھ نے ایف بی آر سے 4.5 ارب کا پھر تقاضا کردیا، ذرائع

FBR

FBR

اسلام آ باد (جیوڈیسک) ملک کے 2 بڑے صوبوں نے سروسز سیکٹر کی طرف سے غلطی سے ایف بی آر کو جمع کرائے جانے والے 4.5 ارب روپے کے سیلز ٹیکس واجبات وفاق سے واپس مانگ لیے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) اور سندھ ریونیوبورڈ (ایس آر بی) کی طرف سے وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کوخطوط لکھے گئے ہیں جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے گزشتہ سال کے سیلز ٹیکس کے واجبات مانگے اور کہاکہ ایف بی آر کو متعدد خطوط لکھے جا چکے، چیئرمین ایف بی آر کی طرف سے بھی معاملہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی مگر تاحال واجبات پنجاب ریونیو اتھارٹی کو منتقل نہیں کیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ ریونیو بورڈ کے خط میں کہا گیا کہ سندھ کے بعض ٹیکس دہندگان نے سروسز پر سیلز ٹیکس غلطی سے ایف بی آر کو جمع کرایا ہے۔

لہٰذا ایف بی آر سے درخواست ہے کہ غلطی سے ایف بی آرکو جمع کروائے جانیوالے 3 ارب 3 کروڑ 18 لاکھ 24 ہزار 448 روپے کے سیلز ٹیکس واجبات واپس سندھ ریونیوبورڈکے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جائیں، اس بارے میں پہلے بھی متعدد بار یادہانی کے خطوط لکھے جا چکے اور ایف بی آر حکام سے ٹیکس واجبات واپس جمع کرانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے مگر واجبات ابھی تک ایس آر بی کے اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کرائے گئے لہٰذا وفاق سے درخواست ہے کہ غلطی سے ایف بی آر کو جمع کرایا جانے والا ریونیو واپس کیا جائے۔