لاہور (جیوڈیسک) پنجاب ایگزیمی نیشن کمیشن کے زیرِ اہتمام پانچویں جماعت کے امتحانات تماشا بن کر رہ گئے، 11 بجے ہونے والا اردو کا پرچہ پہلے 2 بجے تک مؤخر کیا گیا لیکن کئی امتحانی مراکز پر یہ پرچہ 2 بجے بھی شروع نہ ہو سکا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بدنظمی کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ محکمہ تعلیم پنجاب کے ذرائع کے مطابق پانچویں جماعت کا اردو کا پرچہ صبح 11 بجے ہونا تھا، مگر اچانک پرچے کا وقت تبدیل کر کے 2 بجے کر دیا گیا۔
امتحانات سے متعلق واضح ہدایت جاری کی گئی تھیں کہ بچے پیپر سے آدھا گھنٹہ پہلے پہنچیں، بچے تو وقت سے پہلے پہنچ گئے مگر پرچہ نہ پہنچنے کے باعث انہیں اور ان کے والدین کو ذہنی کوفت سے دوچار ہونا پڑا۔
بچوں کو امتحانی مراکز میں پہنچنے پر پیپر کے انعقاد کا وقت 2 بجے دوپہر بتایا گیا، جب وہ دوبارہ 2 بجے پہنچے تو کئی مراکز پر اس وقت بھی پیپر شروع نہ ہو سکا، محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق پیپرز چھپنے میں تاخیر کے باعث ایسا ہوا۔