پنجاب: سیلاب زدہ علاقوں میں پینے کا پانی آلودہ

Water

Water

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں سیلاب کے بعد وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع ہو گیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی کے ساڑھے چار سو نمونے لئے گئے جن میں سے 50 فیصد نمونے آلودہ نکلے۔

پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو ایک اور پریشانی کا سامنا اور وہ ہے آلودہ پانی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کنوؤں میں سیلاب کا پانی شامل ہو گیا ، جو انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کے ساڑھے چار سو نمونے حاصل کئے گئے۔

جن میں سے دو سو پچیس نمونے آلودہ نکلے۔ محکمہ صحت نے متاثرہ کنویں اور ہینڈ پمپس سیل کر دیئے۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز کے مطابق مضر صحت پانی سے متاثرین سیلاب مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ، 29 فیصد سانس اور بیس فیصد جلدی امراض جبکہ 17 فیصد بخارمیں مبتلا ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق 16 اضلاع میں ان کی 624 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ساڑھے 3سو میڈیکل ریلیف کیمپس میں دو لاکھ 70 ہزار مریضوں کو دیکھا جا چکا ہے۔پانی کو صاف کرنے والی 8 لاکھ سے زائد گولیاں بھی متاثرین میں تقسیم کی گئی ہیں۔